Featured Post

Dirilis Ertugrul Season 05 Episode 1

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچایا جائے.عمران خان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچایا جائے.عمران خان


ضلعوں کی انتظامیہ کے ذریعے صوبے اشیاءضروریہ کی قیمتیں کم کروائیں. وزیراعظم کی ہدایت



اسلام آباد:-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 مئی۔2020ء   وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام افراد تک پہنچایا جائے‘ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختون خوا کی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر صورت تمام مصنوعات کی قیمتیں کم کروائیں. وزیراعظم نے صوبوں کو مہنگائی میں مزید کمی لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن کے لیے ضلعی انتظامیہ سے تعاون لیا جائے.
انہوں نے کہا کہ آئل پرائسز بڑھنے پر بلا تاخیر مہنگائی کی جاتی رہی ہے، اب تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیاءکی قیمتوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے وزیر اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے، ہر صورت قیمتیں کم کروائیں بصورت دیگر ایکشن لیں. دوسری جانب وزیراعظم عمران خان آج چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کا اعلان کرنے والے ہیں، پیکیج کے تحت حکومت کمرشل اور صنعتی یونٹس کے 3 ماہ کے بجلی کے بل خود ادا کرے گی.
چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کے لیے وفاقی حکومت نے 50 ارب روپے مختص کیے ہیں، پیکیج سے ملک بھر میں 33 لاکھ چھوٹے یونٹس چلانے والے مستفید ہوں گے 3 ماہ کے بجلی کے بل کی تخمینہ رقم چھوٹا کاروبار کرنے والے کے مئی کے بل میں بھیج دی جائے گی. کورونا ریلیف فنڈ کے تحت مزدور احساس پروگرام بھی ساتھ ہی شروع ہو جائے گا، جس سے لاکھوں بے روزگار اور دیہاڑی دار مستفید ہوں گے واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر وزیر اعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیر کو اجلاس طلب کرلیا ہے، وزیر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے.
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان اسمبلی وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں مسائل سے آگاہ کریں گے، جبکہ اجلاس میں حلقوں میں ہونے والی کورونا کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا وزیراعظم اجلاس میں اراکین اسمبلی کو اہم ہدایات بھی دیں گے. ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم حکومتی اقدامات پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے.





تبصرے